آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے چیئرمین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ہنگامی خط لکھ کر پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش سنگین بحران سے آگاہ کیا ہے۔
خط کے مطابق کراچی پورٹ پر جاری گڈز ٹرانسپورٹ ہڑتال کے سبب ٹیکسٹائل برآمدات بری طرح متاثر ہو رہی ہیں اور ہزاروں کنٹینرز کی روانگی رک چکی ہے۔ اپٹما نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو بین الاقوامی آرڈرز منسوخ ہونے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
چیئرمین اپٹما نے کہا کہ برآمدی مال وقت پر نہ پہنچنے کی وجہ سے عالمی خریدار شدید تشویش میں ہیں اور کئی کمپنیاں ڈیلیوری میں تاخیر پر پینلٹی عائد کرنے یا آرڈرز کینسل کرنے کا عندیہ دے چکی ہیں۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت فوری طور پر ہڑتال ختم کروائے تاکہ برآمدی صنعت کا پہیہ دوبارہ چل سکے اور ملک کے زرمبادلہ کے اہم ترین ذریعے کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔