وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اظہارِ رائے کی آزادی ایک بنیادی حق ہے تاہم اس کے استعمال میں احتیاط لازم ہے اور تمام فورمز کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہیے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ کچھ عناصر ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں اور دہشت گرد تنظیمیں بھی سوشل میڈیا کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر مادر پدر آزادی نہیں ہو سکتی اور آزادیٔ اظہار کی بھی آئینی و قانونی حدود ہوتی ہیں۔
وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف منظم اور مذموم مہم چلائی جا رہی ہے جہاں پیسوں کے عوض ٹرینڈز بنائے اور فروخت کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض مواقع پر پی ٹی آئی کے حق میں دشمن ممالک سے سوشل میڈیا ٹرینڈز چلائے جاتے ہیں۔
طلال چوہدری کے مطابق کالعدم دہشت گرد تنظیم بی ایل اے کے لیے بھی سوشل میڈیا پر ٹرینڈز تیار کیے جا رہے ہیں جبکہ جعلی ناموں سے اکاؤنٹس بنا کر پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔