سائنس فکشن حقیقت بن گئی، دنیا کی پہلی اڑنے والی گاڑی کی پروڈکشن شروع

image

ٹریفک جام سے نجات کا خواب اب حقیقت بننے جا رہا ہے کیونکہ زمین پر چلنے کے ساتھ فضا میں پرواز کرنے والی دنیا کی پہلی فلائنگ کار کی باقاعدہ پروڈکشن شروع کر دی گئی ہے۔ امریکی کمپنی الیف ایرو ناٹکس نے اعلان کیا ہے کہ اس کی اڑنے والی الیکٹرک گاڑی الیف ماڈل اے الٹرا لائٹ صارفین کے لیے 2026 کے آغاز میں دستیاب ہوگی۔

الیف ایرو ناٹکس کے چیف ایگزیکٹو کے مطابق کمپنی نے پہلی فلائنگ کار کی تیاری کا عمل شروع کر دیا ہے جسے مکمل ہونے میں چند ماہ لگیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ سائنس فکشن کو عملی شکل دینے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ گاڑی مکمل طور پر الیکٹرک ہوگی اور دیکھنے میں ہالی ووڈ فلم بیک ٹو دی فیوچر کی کسی گاڑی سے کم نہیں لگتی۔ صارفین چاہیں تو اسے عام گاڑی کی طرح سڑک پر بھی چلا سکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر فضا میں بھی پرواز کر سکتے ہیں۔

الیف ماڈل اے سڑک پر ایک چارج میں تقریباً 200 میل جبکہ فضا میں 110 میل تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ گاڑی کا کیبن خصوصی انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ پرواز کے دوران توازن برقرار رہے جبکہ اس کا اندرونی نظام ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ میں مدد دیتا ہے۔

کمپنی کے مطابق چونکہ اس گاڑی میں روایتی وِنگز موجود نہیں، اس لیے یہ ڈرون کی طرز پر پروپیلرز کے ذریعے پرواز کرتی ہے۔ اس میں ایک وقت میں صرف ایک ہی فرد سفر کر سکتا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ 90 کلوگرام وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھی گئی ہے۔

الیف ماڈل اے کی ابتدائی قیمت 3 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے اور یہ گاڑی محدود تعداد میں صارفین کو دستیاب ہوگی۔ کمپنی کے پہلے پروٹوٹائپ ماڈل کی کامیاب آزمائش فروری 2025 میں کی جا چکی ہے جس کے بعد اب اس کی کمرشل تیاری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US