وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی۔ زلزلہ صبح 10 بج کر 39 منٹ پر آیا جس کا مرکز ہندوکش ریجن، افغانستان بتایا گیا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی، چترال، دیر، مالاکنڈ، سوات، پشاور، لنڈی کوتل اور دیگر بالائی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی زلزلے کے جھٹکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
زلزلے کے بعد تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔