کراچی کے علاقے بفرزون میں گھریلو ملازمہ یاسمین پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص خاتون پر تشدد کر رہا ہے اور اسے سیڑھیوں سے دھکا دے رہا ہے جبکہ ملزم کی اہلیہ اسے روکنے کی کوشش کرتی نظر آتی ہیں۔
واقعہ 11 دسمبر کو سیکٹر 15 بی میں پیش آیا اور تشدد کرنے والے شخص کی شناخت نعمان کے نام سے ہوئی۔ ایس ایچ او گبول ٹاؤن راؤ خالد کے مطابق متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 217 سال 2025 کے تحت دفعات 504، 354 اور 337 اے کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ملزم نے سیڑھیوں پر انہیں مارا پیٹا جس سے چہرے اور جسم پر چوٹیں آئیں اور اہل محلہ نے بروقت مداخلت کی۔
اس واقعے پر وزیر برائے ترقی نسواں سندھ شاہینہ شیر علی نے بھی نوٹس لے لیا ہے اور تشدد کی میڈیکل رپورٹ پیر کو موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
گبول ٹاؤن پولیس نے مقدمے کی انویسٹی گیشن شروع کر دی ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب ملزم نعمان نے ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا کہ یہ ویڈیو سازش کے تحت وائرل کی گئی ہے۔ ان کے مطابق تنازع کا سبب ان کے گھر کے نیچے رہائش پذیر کرایہ دار مختیار کا گھر خالی کروانے کا مطالبہ تھا اور پانی کے معاملے پر پہلے بھی جھگڑا ہو چکا تھا۔ نعمان نے کہا کہ مختیار نے اپنی ماسی کو بھڑکایا جس دوران ان کے بیٹے پر بھی تشدد ہوا اور خاتون بچے پر تشدد کر رہی تھی جس دوران یہ واقعہ پیش آیا۔