رواں برس عالمی سطح پر انفلوئنزا کا نیا جینیاتی ذیلی گروہ سامنے آگیا، عالمی ادارہ صحت

image

عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ 2025-2026 کے انفلوئنزا سیزن کے دوران انفلوئنزا A(H3N2) ذیلی کلیڈ K کا ایک نیا جینیاتی ذیلی گروہ عالمی سطح پر سامنے آیا ہے۔

انفلوئنزا ایک شدید وائرل انفیکشن ہے جو انفلوئنزا وائرسز کی وجہ سے ہوتا ہے اور دنیا کے تمام حصوں میں پایا جاتا ہے۔ عموماً نومبر سے اپریل کے دوران سردیوں کے موسم میں اس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت (WHO) کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے مختلف خطوں میں اگست 2025 سے H3N2 کے کیسز کی شناخت میں نمایاں اور تیز رفتار اضافہ ہوا ہے۔ جنوب مشرقی ایشیا کے خطے میں مئی 2025 سے نومبر کے اختتام تک انفلوئنزا کیسز کی مجموعی مثبت شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں H3N2 وائرس غالب رہا اور یہ تمام رپورٹ شدہ انفلوئنزا کیسز کا تقریباً 66 فیصد رہا۔

عالمی ادارہ صحت کی طرف سے متوقع موسم سے قبل انفلوئنزا کیسز میں اس اضافے کے پیش نظر، صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے اور ملک بھر کے صحتِ عامہ کے حکام کو بروقت آگاہ کرنے کے لیے قومی ادارہ صحت کی جانب سے موسمی انفلوئنزا کی روک تھام اور کنٹرول سے متعلق ایک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔

اس ایڈوائزری کا مقصد صحت کے حکام، متعلقہ اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو خبردار کرنا اور انہیں سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ آئندہ چند مہینوں میں آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹس (OPDs) اور داخل مریضوں کے شعبوں پر متوقع بڑھتے ہوئے دباؤ سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری، بروقت روک تھام اور مؤثر کنٹرول اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔ تمام متعلقہ حکام سے درخواست کی جاتی ہے کہ منسلک ایڈوائزری کو اپنے دائرہ اختیار کے تحت تمام سرکاری و نجی صحت کی سہولیات، اداروں اور لائن ڈیپارٹمنٹس تک فوری طور پر پہنچایا جائے تاکہ تجویز کردہ اقدامات پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US