کم عمر طالبعلم کی ایجاد، دودھ ابلتے ہوئے برتن سے باہر نہیں گرے گا

image

دودھ ہر گھر میں استعمال ہوتا ہے اور اکثر گرم کرتے وقت اُبل کر برتن سے باہر گر کر جاتا ہے تاہم اب ایسا نہیں ہوگا۔

اب اس بڑے مسئلے کا آسان حل نکل آیا ہے اور ایک ایسا آلہ ایجاد کر لیا ہے، جو دودھ ابلنے سے قبل ہی بج اٹھتا ہے۔

یہ حیرت انگیز ایجاد بھارتی شہر حیدرآباد دکن کے 13 سالہ ہونہار طالبعلم ویدت نے صرف 1500 روپے سے بنائی ہے۔ یہ آلہ آئی آر سنسر پر مبنی ہے اور بجلی نہ ہونے پر بھی چلتا ہے۔ اس آلے کو ’’ملک اوور فلو ڈٹیکٹر‘‘ کا نام دیا گیا ہے

’’ملک اوور فلو ڈٹیکٹر‘‘ میں آئی آر سنسر نصب ہے جو دودھ کے اُبال سے پیدا ہونے والی مخصوص حرارتی تبدیلیوں کو فوراً محسوس کرتا ہے۔ جیسے ہی دودھ حدِ حرارت عبور کرتا ہے، سنسر ایک سگنل سرکٹ کو بھیجتا ہے، جس کے بعد ساتھ نصب بزر بج اُٹھتا ہے اور کچن میں موجود افراد کو بروقت اطلاع مل جاتی ہے۔

یہ آلہ موبائل پاور بینک سے چلتا ہے، اس لیے بجلی نہ ہونے کی صورت میں بھی اس کی کارکردگی برقرار رہتی ہے۔

ویدت کا کہنا ہے کہ اس نے کئی بار اپنے گھر میں دیکھا کہ اس کی والدہ جب چولہے پر دودھ رکھ کر دوسرے کاموں میں مصروف ہوتی تو دودھ ابل کر گر جاتا تھا۔ ایک دن اس نے فیصلہ کیا کہ وہ ایسا آلہ بنائے گا جو اُبال کو پہلے ہی محسوس کر لے۔

یہ خیال آتے ہی اس نے الیکٹرانک مارکیت کا رخ کیا اور وہاں سے انفراریڈ سنسر، سرکٹ کے پرزے، موبائل پاور بینک اور دیگر اجزا خریدے۔ گھر آ کر اس نے اسکول میں سیکھی گئی روبوٹکس اور سائنس کی معلومات کو استعمال کرتے ہوئے پورا سسٹم جوڑ لیا۔ اس پراجیکٹ پر تقریباً 1500 روپے خرچ ہوئے۔

ویدت کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا بچپن ہی سے تخلیقی سوچ رکھتا ہے۔ وہ کھلونوں تک کے پرزے کھول کر سمجھنے کی کوشش کرتا اور چھوٹے چھوٹے تجربات سے نئی چیزیں پیدا کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔ اس کامیاب ایجاد نے انہیں بے حد خوش کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US