گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے گورنر ہاؤس پشاور کی تاریخ میں پہلی دفعہ گورنر کسان ایوارڈ کا انعقاد کیا گیا۔
بدھ کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور صوبہ بھر سے 150 نمایاں اور محنتی کسانوں کو ان کے خدمات کے اعتراف میں گورنر کسان ایوارڈ سے نوازا۔
تقریب میں قرعہ اندازی کے ذریعے گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے 2 کسانوں غفور دامانی، ذوہیب خان کو عمرہ کے ٹکٹس بھی دیے گئے اور گورنر خیبر پختونخوا نے اپنی جانب سے 2 کھلاڑیوں عبداللہ نواز اور مہوش علی کو اسپانسرشپ چیک بھی پیش کیے۔
تقریب میں صوبہ کے زمینداروں، کسانوں نے اپنے خطاب میں پہلی دفعہ ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز دینے پر گورنر خیبر پختونخوا کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں مختلف مقررین نے صوبہ میں کاشتکاری، زرعی اجناس کے تحفظ اور صوبہ کی بنجر زمینوں کو کاشت کے قابل بنانے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی کرامت اللہ چغرمٹی، ارباب زرک، شازیہ جدون، فائزہ ملک، عارفہ بی بی، ایمن جلیل، بہاری لال، اشبرجدون، مہرسلطانہ، شازیہ طہماش، فرزانہ شیرین، سابق صوبائی وزیر سردار عبدالحلیم قصوریہ، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جنیدالطاف، ایگری کلچر یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ، پروفیسر ڈاکٹر محمد ساجد، صوبائی صدر پاکستان پیپلز پارٹی محمد علی شاہ باچہ، چیئرمین انجمن ہلال احمر خیبر پختونخوا فرزند وزیر، پروگرام اسپانسر کرنے والے اداروں کے نمائندوں اورصوبہ بھر سے کسانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
گورنرفیصل کریم کنڈی نے گورنر کسان ایوارڈ حاصل کرنے والوں کسانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی دفعہ گورنر کی جانب سے صوبہ کے کسانوں، زمینداروں کو ایوارڈز دیے گئے ہیں، گورنر کسان ایوارڈ کا مقصد کسان کو خود کفیل اور زراعت کو ایک منافع بخش شعبہ بنانا ہے، گورنر کسان ایوارڈ صوبہ کے کسانوں کی محنت و خدمات کا اعتراف ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ ہمارے کسان اور زمیندار صوبہ کی معاشی ترقی کے علمبردار ہیں، یہ ایک حقیقت ہے اگر زراعت ٹھیک ہوگی تو ملکی معیشت بھی ٹھیک ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ 1991 میں پانی کے شیئرز کے منصوبے کے تحت بدقسمتی سے خیبر پختونخوا میں ابھی تک کوئی منصوبہ شروع ہی نہیں کیا جاسکا۔ زمینیں آباد کرنے اور کسانوں،زمینداروں کو خوشحال بنا کر دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کو چھوٹے بڑے زمینداروں کو سبسڈی دینی ہوگی۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو اپنی سفارشات بھی بھیجوں گا۔ گورنر نے کہاکہ گورنر کسان ایوارڈ بحیثیت گورنر میرے صوبہ کے تمام شعبوں کی ترقی کے عزم کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ہمارے پاس زرعی ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، صوبے میں لاکھوں ایکڑ بنجر زمین کو کاشت کے قابل بنانا ناگزیر ہے، جنوبی اضلاع کے وسیع رقبہ کو مناسب پانی، جدید آبپاشی نظام اور حکومتی سرپرستی کے ذریعے قابلِ کاشت بنایا جا سکتا ہے۔ گورنر نے اپنے خطاب میں گورنر کسان ایوارڈ ممکن بنانے میں معاون اداروں اورتمام شراکت داروں کابھی شکریہ ادا کیا۔