خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے۔
ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ کے مطابق کرک کی سرحدی پہاڑی سلسلے میں تھانہ خرم کی حدود کرکنڈوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
آر پی او کے مطابق ڈی پی او کرک سعود خان بھاری پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر موجود ہیں، انھوں نے مزید بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد پہاڑی ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔
دہشتگردوں کی لاشیں پہاڑوں میں پڑی ہوئی ہیں جس کو لے جانے کے لیے دہشتگردوں کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کالعدم تنظیم آئی ایم پی سے وابستہ ایک عسکریت پسند ہلاک ہوگیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے عسکریت پسند کی شناخت عمر مداخیل کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا ہے۔