پاکستان میں 5G اسپیکٹرم نیلامی کے عمل کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت آئندہ چند روز میں 5G نیلامی سے متعلق حتمی پالیسی گائیڈ لائنز جاری کرے گی، جن میں اسپیکٹرم کی قیمت نسبتاً کم رکھنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ ٹیلی کام سیکٹر کو فروغ دیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکٹرم کی قیمت کم رکھنے کا مقصد صارفین کو سستی اور بہتر سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، جبکہ سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ بھی اس پالیسی کا حصہ ہوگا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے 5G کے لیے سروے اور تکنیکی تیاریوں کا عمل جاری ہے، جو 26 فروری تک مکمل کرلیا جائے گا۔ نیلامی کا عمل مکمل ہونے کے بعد بڑے شہروں میں چھ ماہ کے اندر 5G سروسز کے آغاز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 5G سروسز اسلام آباد، لاہور، کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں متعارف کروائی جائیں گی، جبکہ مرحلہ وار اس کا دائرہ ملک کے دیگر حصوں تک بڑھایا جائے گا۔
وفاقی وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کا کہنا ہے کہ 5G سے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملے گا، آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوگا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے صنعتی و تجارتی شعبوں کو فائدہ پہنچے گا۔ 5G نیلامی سے متعلق مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔