ڈاکٹر وردہ قتل کیس: جے آئی ٹی رپورٹ صوبائی حکومت کو پیش، سامنے لانے کا مطالبہ

image

ڈاکٹر وردہ قتل کیس کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی نے اپنی حتمی رپورٹ صوبائی حکومت کو پیش کردی ہے۔

رپورٹ میں قتل کے واقعے سے جڑے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، جن میں مرکزی ملزمان، سہولت کاروں اور غفلت کے مرتکب پولیس افسران کی نشاندہی کی گئی ہے۔

جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر وردہ کے قتل کی مرکزی ملزمہ ردہ ہے، جس نے اپنے شوہر وحید بلاکے ساتھ مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمہ ردہ اور اس کے شوہر کے شمریز نامی شخص سے مسلسل رابطے تھے، جسے واردات کے لیے بطور اجرتی قاتل استعمال کیا گیا۔ جے آئی ٹی کے مطابق شمریز نے طے شدہ منصوبے کے تحت قتل کی واردات انجام دی۔

رپورٹ میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ کیس کی تفتیش اور واقعے سے قبل بعض پولیس افسران کی جانب سے غفلت اور کوتاہی برتی گئی، جس کے باعث واقعے کی روک تھام ممکن نہ ہوسکی۔ جے آئی ٹی نے قصور وار پولیس افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹرز برادری اور سول سوسائٹی نے جے آئی ٹی رپورٹ کو منظرِ عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں اور تمام ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہوسکے۔

صوبائی حکومت نے جے آئی ٹی رپورٹ موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور سفارشات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US