صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ٹنڈو محمد خان کے گاؤں سید پور ٹِکّر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سابق صوبائی وزیر مرحوم سید قبول محمد شاہ کے انتقال پر ان کے ورثاء سے تعزیت کی۔
صدرِ مملکت کی آمد کے باعث ٹنڈو محمد خان ملاکاتیار روڈ سمیت مختلف علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ سیکیورٹی کے لیے چار ایس ایس پیز، نو ڈی ایس پیز اور تین سو سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔
سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر سیدپور ٹِکّر میں قائم ہوٹلوں اور دکانوں کو عارضی طور پر بند کرایا گیا، جبکہ مرحوم سابق صوبائی وزیر سید قبول محمد شاہ کی رہائشگاہ کے داخلی دروازے پر واک تھرو گیٹ بھی نصب کیا گیا۔
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مرحوم کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی، بعد ازاں مرحوم کے صاحبزادوں سید ذیشان شاہ، سید کامل شاہ اور دیگر اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
اس موقع پر وفاقی و صوبائی کابینہ کے دیگر وزراء، اعلیٰ سرکاری افسران، مقامی سیاسی و سماجی رہنما بھی موجود تھے۔
وزیرِ داخلہ سندھ ضیاالحق لنجار، سید ناصر شاہ اور شرجیل انعام میمن نے بھی مرحوم سید قبول محمد شاہ کے بیٹوں سید ذیشان شاہ، سید کامل شاہ اور سید شیر یزدان شاہ سے تعزیت کی۔