پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے نئے سال کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کے شعبہ صحت میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب میں جدید اینڈو ویسکولر اینیورزم علاج کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو عالمی معیار کے مطابق ہے اور صوبے میں پہلی بار متعارف کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں پیٹ کی پھٹی ہوئی شریان کی ایک تاریخی سرجری کامیابی سے انجام دی گئی، جو ڈاکٹر حبیب خان نے کی۔ ڈاکٹر حبیب خان واحد پاکستانی ہیں جو امریکا سے بورڈ سرٹیفائیڈ ویسکولر سرجن ہیں۔
ان کے مطابق یہ جدید طریقہ علاج بغیر جنرل اینستھیزیا اور وینٹی لیٹر کے اندرونی طور پر شریان کو مضبوط بنا کر کیا گیا، جو طب کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پنجاب میں جدید کینسر علاج، بشمول کیموتھراپی کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں اور صحت کے تمام شعبوں میں مسلسل ترقی ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا وزیر اعلیٰ مریم نواز کو دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔