بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست 21 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر

image

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ایکس اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق درخواست 21 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر کیس کی سماعت کریں گے، جبکہ وکیل غلام مرتضیٰ خان کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔ رجسٹرار آفس نے 21 جنوری کی کاز لسٹ جاری کر دی ہے۔

عدالت نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم بھی جاری کرتے ہوئے فریقین کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ اڈیالہ جیل حکام نے پہلے ہی اپنا جواب جمع کرا دیا ہے جبکہ دیگر فریقین کو بھی جواب داخل کرنے کا کہا گیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کی نمائندگی سلمان اکرم راجہ کر رہے ہیں تاہم عدالتی حکم کے باوجود ان کا جواب ابھی تک جمع نہیں ہو سکا۔ گزشتہ سماعت میں سلمان اکرم راجہ نے پاکستان بار کے انتخابات کے باعث سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی۔

عدالتی حکم پر سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے متعلق جواب داخل کرایا جس میں جیل سے اکاؤنٹ آپریٹ ہونے کی تردید کی گئی۔ درخواست گزار غلام مرتضیٰ کی نمائندگی بیرسٹر ظفر اللہ عدالت میں کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US