پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان بیورو آف شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہاؤس ہولڈ انٹیگریٹڈ اکنامک سروے (HIES) 2024-25 کے نتائج کا خیرمقدم کیا ہے، جن میں ملک بھر میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور انٹرنیٹ استعمال میں نمایاں اضافہ ظاہر ہوا ہے۔
سروے کے مطابق پاکستان کے 96 فیصد سے زائد گھروں میں موبائل یا اسمارٹ فون موجود ہے، جبکہ 70 فیصد گھرانے انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں، جو 2019 میں صرف 34 فیصد تھے۔ خیبر پختونخوا گھریلو سطح پر 77 فیصد ڈیجیٹل رسائی کے ساتھ سب سے آگے ہے۔
انفرادی سطح پر 10 سال یا اس سے زائد عمر کے 92 فیصد افراد موبائل فون استعمال کرتے ہیں، جبکہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے افراد کی شرح 2019 میں 17 فیصد سے بڑھ کر 2025 میں 57 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ شہری علاقوں میں خواتین کا انٹرنیٹ استعمال مردوں سے زیادہ (71 فیصد بمقابلہ 67 فیصد) ہے، جو ڈیجیٹل مساوات کی مثبت نشانی ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت حکومت اور ریگولیٹر کی کوششوں، ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی اور موبائل و انٹرنیٹ کی بہتر افورڈیبلٹی کا نتیجہ ہے۔