لاہور ہائیکورٹ میں بیرسٹر علی اشفاق کے لائسنس معطلی کا معاملہ، فریقین کو نوٹس جاری

image

لاہور ہائیکورٹ نے یوٹیوبر رجب بٹ کے وکیل بیرسٹر علی اشفاق کے قانون لائسنس کی معطلی کے خلاف دائر درخواست پر پنجاب بار کونسل اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

پیر کے روز جسٹس اویس خالد نے کیس کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل انور حسین کو ہدایت کی کہ وہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے ہدایات حاصل کریں جبکہ پنجاب بار کونسل کے ایک سینئر نمائندے کو بھی آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔

عدالت نے لائسنس معطلی سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ یہ کارروائی کس اختیار کے تحت عمل میں لائی گئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق کسی وکیل کا لائسنس معطل کرنے کا اختیار ڈسپلنری کمیٹی کے پاس ہوتا ہے، نہ کہ پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے پاس۔ وکیل کے مطابق ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نے بیرسٹر علی اشفاق کو سنے بغیر ہی لائسنس معطل کیا جو قانون کے خلاف ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس اویس خالد نے پنجاب بار کونسل کے وکیل سے سوال کیا کہ کیا کسی بھی وکیل کے خلاف بغیر سنے کارروائی کی جا سکتی ہے؟ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئین کا آرٹیکل 10-اے ہر شہری کو منصفانہ ٹرائل کا حق دیتا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے غیر قانونی اقدام کیا ہے۔ عدالت نے تمام فریقین کو سننے کے بعد قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US