وزیراعظم کی زیرصدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے اہم اجلاس

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کے فروغ کے لیے سمیڈا (SMEDA) کے بزنس پلان سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی کے لیے آئندہ تین برسوں پر مشتمل جامع روڈ میپ پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے قابلِ عمل اور مؤثر بزنس پلان کی تیاری پر معاون خصوصی ہارون اختر اور سمیڈا کے نو منتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی ترقی سے ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کی جانب سے SMEs کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔

اجلاس میں SMEs کو درپیش مسائل، ان کے حل کے لیے مجوزہ لائحہ عمل، SMEs کو ملکی برآمدات کا حصہ بنانے کی حکمت عملی اور بزنس پلان میں شامل دیگر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستانی SMEs کو عالمی منڈی میں مسابقتی بنیادوں پر متعارف کرانے کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ SMEs کی استعداد بڑھانے کے لیے حال ہی میں ملک کے چھ شہروں میں متعدد ورکشاپس کا انعقاد کیا جا چکا ہے جبکہ عالمی سطح پر مسابقت کے لیے مختلف تربیتی پروگرامز پر بھی کام جاری ہے۔

اجلاس میں خواتین کی SME سیکٹر میں شمولیت اور ان کے مؤثر کردار کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، سمیڈا کے نو منتخب بورڈ ارکان اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US