شدید دھند سے پشاور ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن متاثر، 6 پروازیں متبادل ایئرپورٹس منتقل

image

شدید دھند اور خراب موسمی صورتحال کے باعث باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہو گیا۔ کم حدِ نگاہ کے سبب 6 پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس پر لینڈ کرایا گیا جس کے باعث فلائٹ شیڈول درہم برہم ہو کر رہ گیا۔

پروازوں میں تاخیر اور تبدیلیوں سے سب سے زیادہ مشکلات عمرہ زائرین کو پیش آئیں جبکہ ایئرپورٹ پر شدید رش کے باعث مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ تین دنوں سے پشاور ایئرپورٹ پر پروازوں کا نظام متاثر ہے۔

شدید دھند کے باعث شہر پشاور میں معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہوئے۔ بی آر ٹی سروس متاثر رہی جبکہ چارسدہ روڈ اور کوہاٹ روڈ پر بس سروس جزوی طور پر معطل رہی۔

دوسری جانب خراب موسم کے باعث ملک بھر میں مجموعی طور پر 114 پروازوں کی آمد و روانگی تاخیر کا شکار ہوئی۔ دبئی اور کراچی سے اسلام آباد آنے والی 3 پروازوں کو لاہور اور کراچی منتقل کیا گیا جبکہ شارجہ، ابوظہبی اور دبئی سے پشاور آنے والی 3 پروازوں کو لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں اتارا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کی 26 پروازوں میں 1 سے 12 گھنٹے، کراچی سے اسلام آباد کی 10 پروازوں میں 1 سے 12 گھنٹے، لاہور ایئرپورٹ کی 22 پروازوں میں 7 گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح کراچی ایئرپورٹ کی 12 پروازوں میں 4 گھنٹے، پشاور کی 11 پروازوں میں 1 سے 13 گھنٹے، سیالکوٹ کی 8 پروازوں میں 1 سے 3 گھنٹے، ملتان کی 14 پروازوں میں 1 سے 7 گھنٹے، فیصل آباد کی 5، گلگت کی 2 اور کوئٹہ کی 4 پروازوں میں بھی تاخیر رپورٹ ہوئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US