وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کو کالعدم ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ قرار دے دیا

image

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑنے پاکستان تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا حکومت پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی سہولت کاری کا الزام لگا دیا۔

عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 2025 ہر لحاظ سے کامیابیوں کا سال تھا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت پر پاک فوج نے فتح کے جھنڈے گاڑے اور پاک فوج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ائیر فورس نے دشمن کے جہاز گرائے اس پر تو انٹرنیشنل سرٹیفکیشن ہوچکی ہے، بین الاقوامی سطح پر بات ہوتی ہے کہ بھارت کے 7 جہاز گرائےگئے، 2025 معیشت کی بحالی کا بھی سال تھی، ملک ڈیفالٹ ہوجاتا تو ملک میں افراتفری کی کیفیت ہوجاتی، حکومتی پالیسیوں پر تاجروں، انڈسٹری کا اعتماد ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ سفارتی سطح پر پاکستان کو تنہا کیا گیا تھا، پاکستان سفارتی سطح پر کامیابیاں سمیٹ رہا ہے اور ایک سنجیدہ لیڈر شپ موجود ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورننس ناکام ہوچکی، ان کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں اور وزیر اعلیٰ صوبے میں بہتری کے بجائے دوسرے صوبے کے دورے کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور جاتے ہی خواتین کی تضحیک، طعنے کسے گئے، عظمیٰ بخاری کے بارے میں کلمات ادا کیے گئے، خواتین کو ٹارگٹ کرنا بزدل لوگوں کا کام ہے، بزدل شخص ہمیشہ خواتین پر حملہ کرے گا۔

عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کی خیبر پختونخوا حکومت پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی سہولت کاری کا الزام لگایا اور کہا کہ یہ خواتین کو باتیں کستے ہیں لیکن ٹی ٹی پی کی مذمت کیلیے دو الفاظ نہیں نکلتے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی، ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ ہے، اسی لیے ان کے ترجمان ٹی ٹی پی کے خلاف بات کرنے سے گھبراتے ہیں، ٹی ٹی پی پاکستان کی دشمن ہے، ان کو ایلی مینیٹ کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US