اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں سلنڈر دھماکے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دلہا اور دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 12 افراد زخمی ہوئے۔ دھماکا شادی والے گھر میں ہوا جہاں مہمان بھی موجود تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے بعد گھروں کے ملبے سے 16 افراد کو نکالا گیا، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کے باعث مجموعی طور پر 4 گھر متاثر ہوئے۔
پولیس افسران، ریسکیو ٹیمیں اور کے نائن یونٹ موقع پر موجود ہیں، علاقے کو کارڈن آف کر کے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملبے کی چیکنگ کی گئی۔ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد تمام ملبے تلے دبے افراد کو نکال لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب سی ڈی اے کے ملازم شیری کی شادی کی بارات گجرات گئی تھی۔ رات کو ڈیڑھ بجے بارات واپس پہنچی۔ شادی والے گھر میں سردی کے باعث رات دیر تک ہیٹر استعمال ہوتا رہا، لیکن گیس لوڈ شیڈنگ کے سبب ہیٹر بند ہو گیا، جس سے گھر میں گیس جمع ہوگئی۔
صبح سویرے ناشتے کی تیاری کے دوران خواتین نے دیا جلایا تو دھماکا ہوگیا۔ کیپیٹل ایمرجنسی سروس کو واقعے کی پہلی کال صبح 7:24 پر موصول ہوئی۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں دلہا شیری، دلہن نایاب اور دیگر 6 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 12 افراد زخمی ہوئے، بعدازاں مزید 2 زخمیوں نے دم توڑ دیا۔
ایمرجنسی سروسز نے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے مطابق دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں دولہا شہرون اور دلہن مہک کے علاوہ اسلم مسیح کی اہلیہ جوارب بی بی، نعیم، سنل اور یعقوب مسیح کے بیٹے وسیم شامل ہیں۔
زخمیوں میں کاشف، سلمیٰ (سنل کی اہلیہ)، مختاراں بی بی (بشیر کی اہلیہ)، عامر (نذیر کا بیٹا)، فرزانہ (نعیم کی اہلیہ)، مریم (سلیم کی بیٹی) اور انایا (سنل کی بیٹی) شامل ہیں۔ دو بچوں، مریم اور انایا کو برن سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔
پی آئی ایم ایس اسپتال کے مطابق سنل جاوید کی لاش تنچ بھٹا منتقل کردی گئی ہے جبکہ دیگر لاشیں اسپتال کی کولڈ اسٹوریج میں رکھی گئی ہیں۔
ابتدائی طور پر کم از کم چار مکانات دھماکے سے متاثر ہوئے، جن میں تین مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ بلڈنگ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے عملے کو بھی جزوی نقصان شدہ مکانات کا معائنہ کرنے کے لیے طلب کیا گیا۔