امریکا نے حملہ کیا تو جواب میں اسرائیل اور امریکی اڈے نشانہ بنیں گے، ایران

image

ایران نے اتوار کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ ایران کسی بھی امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا کی جانب سے کسی بھی قسم کا حملہ کیا گیا تو ایران جوابی کارروائی میں اسرائیل اور خطے میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو ’جائز اہداف‘ کے طور پر نشانہ بنائے گا۔

خیال رہے کہ ایران میں ممکنہ امریکی مداخلت کے پیشِ نظر اسرائیل بھی ہائی الرٹ پر ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بارہا مداخلت کی دھمکیوں اور ایرانی حکومت کو مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے خبردار کرنے کے بعد اسرائیلی سیکیورٹی اداروں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ایران آزادی کی طرف دیکھ رہا ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ امریکا ایرانی مظاہرین کی مدد کے لیے تیار ہے۔

اس سے پہلے امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران میں اگر لوگوں کو قتل کیاگیا تو امریکا مداخلت کرے گا۔ اس حوالے سے انہوں نے واضح کیاکہ مداخلت کا مطلب ایران میں فوج اتارنا نہیں ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی صورتِ حال پر نظر ہے، ایسا لگتا ہے کہ ایران کے کچھ شہروں پر لوگ قابض ہیں۔ ایرانی حکومت نے برسوں اپنے عوام کے ساتھ بُرا سلوک کیا اور آج انہیں اپنے کیے کی سزا مل رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US