انصاف برائے فروخت نہیں ہونا چاہیے، آئین و قانون کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے، سہیل آفریدی

image

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وہ اپنے لیڈر عمران خان سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں لیکن کسی نے ان کی بات نہیں سنی اور جب سب راستے بند ہو جائیں تو احتجاج کا آپشن ہی بچتا ہے۔ یہ بات انہوں نے سندھ ہائیکورٹ میں تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہا ہے اور وہ پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں مگر چیف جسٹس بھی ملاقات کے لیے تیار نہیں اور خط کا جواب بھی نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی سیاست اس وقت کی جاتی ہے جب کوئی قانونی راستہ باقی نہ رہے اور آئین و قانون اس کی اجازت دیتا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف جسٹس کو خط لکھا اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ججز نے انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی، مگر یہ حکم ایک جیل سپرنٹنڈنٹ نے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا جسے انہوں نے عدلیہ اور وکلاء پیشے کی بے توقیری قرار دیا۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ آئین و قانون کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے اور اداروں کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا نقصان ہو رہا ہے۔ انصاف برائے فروخت نہیں ہونا چاہیے اور پی آئی اے کو بھی نیلام کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے سندھ ہائیکورٹ بار کے وکلاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ کی عوام بہادر، جرأت مند اور دلیر ہے۔ وزیر اعلیٰ نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی حکومت نے مہمانوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا اور اجرک و ٹوپی کی عزت نہیں کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US