کراچی: مدرسہ معلم کے تشدد سے زخمی 6 سالہ طالبعلم چل بسا

image

کراچی کے علاقے منگھوپیر عزیز بروہی گوٹھ میں مدرسے کے معلم کے تشدد کا نشانہ بننے والا 6 سالہ طالبعلم حسن دم توڑ گیا۔ معصوم بچہ گزشتہ 40 روز سے اسپتال میں زیر علاج تھا۔

پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ یکم دسمبر کو عزیز بروہی گوٹھ کے ایک مدرسے میں پیش آیا جہاں معلم نے مبینہ طور پر طالبعلم پر انسانیت سوز تشدد کیا۔ ڈنڈوں کے وار سے بچے کے سر کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی جس کے بعد اس کی حالت تشویشناک ہو گئی۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے معلم اللہ بچایا کو گرفتار کیا تھا تاہم بعد ازاں اسے دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق بچے کے دل، پھیپھڑوں اور دماغ نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی کیفیت عام طور پر پولیو یا خسرہ جیسی بیماریوں میں سامنے آتی ہے۔

دوسری جانب بچے کے والد کا کہنا ہے کہ حسن کی موت سر پر ڈنڈا لگنے کے باعث ہوئی۔ والد کے مطابق علاج کے دوران بھی بچہ اچانک چیخ مار کر اٹھ جاتا تھا جو شدید تکلیف کی نشاندہی کرتا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ تدفین کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US