کابینہ ڈویژن نے اکتوبر سے دسمبر 2025ء کے دوران موصول ہونے والے تحائف سے متعلق توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تمام اہم شخصیات نے بیرونِ ملک اور دیگر ذرائع سے ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے۔
جاری کردہ ریکارڈ کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر محسن نقوی، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ، اویس لغاری، احد چیمہ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی تحائف وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔
موصول ہونے والے تحائف میں روضۂ رسول ﷺ، خانۂ کعبہ اور مکہ مکرمہ کے ماڈلز، پینٹنگز، پرفیومز، شیلڈز، قالین، ٹی سیٹس، تلواریں، خنجر، گلدان، گھڑیاں، سجاوٹی اشیا، سعودی کافی، کتابیں، رائل کیپس، یادگاری تحائف، ٹیبل واچ، میٹرو بس کا ماڈل، قہوہ پاٹ، شرٹس، میوزیکل انسٹرومنٹس، کمبل، اسکارف اور ٹائیز سمیت دیگر قیمتی تحائف شامل ہیں۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق تمام تحائف قواعد و ضوابط کے تحت توشہ خانہ میں جمع کروائے گئے ہیں، جس سے شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔