خیبر پختونخوا کی حکومت نے قبائلی اضلاع اور مالاکنڈ ڈویژن میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو قانونی اور انتظامی دائرے میں لانے کے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ صوبائی حکومت نے پہلی مرتبہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی موثر نگرانی اور ضابطہ کاری کے لیے باقاعدہ پالیسی پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مطابق ملاکنڈ ڈویژن، خیبر، مہمند، باجوڑ، کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت تمام قبائلی اضلاع میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ان کے لیے ریڈی ایبل نمبر پلیٹس بھی جاری کی جائیں گی۔
حکام نے بتایا کہ قبائلی اضلاع میں موجود تقریباً ڈھائی لاکھ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی پروفائلنگ مکمل ہو چکی ہے اور ایم ٹیگ نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ گاڑی کو حکومتی تحویل میں لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی نقل و حرکت قبائلی اضلاع تک محدود ہوگی اور انہیں صوبے کے دیگر علاقوں میں چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے لیے کوئی جامع لائحہ عمل موجود نہیں تھا۔