پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی اور گورننس پر توجہ دے، طارق فضل چوہدری

image

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر زور دیا ہے کہ وہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی اور گورننس کے سنگین مسائل کے حل پر سنجیدگی سے توجہ دے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سیکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت کرنی چاہیے تاکہ دہشت گردی جیسے چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے جوان قیمتی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں جنہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو عوامی مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ صوبے میں امن و امان اور گورننس کی مجموعی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں دہشت گردی کی لعنت پر بڑی حد تک قابو پایا گیا تھا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر زور دیا کہ وہ احتجاجی سیاست سے گریز کریں اور صوبے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اور مؤثر حکمتِ عملی اپنائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US