صدر آصف زرداری کی بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت، پاک بحرین تعاون مزید مستحکم

image

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے قصر القضیبیہ میں ون آن ون ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر زور دیا۔ صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے موزوں ماحول فراہم کر رہا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو پاک بحرین تعلقات کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے ان شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے کے لیے عملی اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔

قصر القضیبیہ آمد پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے صدر آصف علی زرداری کو بحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط، دوستانہ اور دیرینہ تعلقات کا مظہر ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US