وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم صحت کارڈ کا باقاعدہ اجرا کر دیا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیراعظم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے کیونکہ صحت کی سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم صحت کارڈ کے اجرا پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال، سیکریٹری صحت اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اشرافیہ طبقہ اپنے اور اپنے بچوں کے لیے مہنگا ترین علاج کرا سکتا ہے مگر عام آدمی جو بڑی مشکل سے اپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہے اگر بیمار ہو جائے تو اکثر بغیر علاج ہی اس دنیا سے رخصت ہو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت اور معیاری علاج کا حق ہر پاکستانی کو حاصل ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم صحت کارڈ کے تحت علاج کی سہولیات تھرڈ پارٹی کے ذریعے فراہم کی جائیں گی تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے اور مؤثر چیک اینڈ بیلنس کا نظام قائم ہو۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صحت مند قوم ہی ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے اور حکومت اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔