پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آج سے 23 جنوری تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، سرگودھا، گجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جس کے باعث شہری اور دیہی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام انتظامات پیشگی مکمل رکھے جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ادارے ہمہ وقت تیار رہیں۔
انہوں نے خاص طور پر مری میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے جبکہ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ آنے والے سیاحوں کو بروقت رہنمائی اور مدد فراہم کی جاسکے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام فوری طور پر پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔