سی پیک 2.0 کو کامیاب بنائیں گے، چین کے تجربات سے پاکستان مہینوں میں ترقی کرسکتا ہے، وزیراعظم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان زراعت، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں چین کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرکے سالوں میں نہیں بلکہ مہینوں میں نمایاں ترقی کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کے بعد پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے اور سی پیک 2.0 کو حقیقت اور کامیابی میں ڈھالا جائے گا۔

وہ پیر کو یہاں پاک چین ایگری انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال، اویس لغاری، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ، بیجنگ میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، پاکستانی و چینی کمپنیوں کے نمائندے اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے زراعت کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پانی کے بہتر استعمال، جدید کاشتکاری، ویلیو چین، کولڈ چین اور ویلیو ایڈیشن پر زور دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو میرٹ پر چین کی زرعی جامعات اور تحقیقاتی اداروں میں تربیت کے لیے بھجوایا گیا، جو وطن واپس آ کر کسانوں کی رہنمائی کریں گے اور زرعی معیشت کی تقدیر بدلنے میں کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے اور ہر شعبے میں تعاون کے لیے تیار ہے۔ رواں سال پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، دونوں ممالک کی دوستی فولاد سے مضبوط اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے۔

انہوں نے افراطِ زر میں کمی، پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی، برآمدات میں اضافے اور دیگر معاشی اشاریوں میں بہتری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ نوجوانوں کو ملکی مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ مالی سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں معاشی شرح نمو 3.71 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ مہنگائی 4 فیصد پر برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین زرعی تعاون کو وسعت دے گا اور دوطرفہ زرعی تجارت کو ایک ارب امریکی ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے۔

تقریب میں پاکستان اور چین کے مابین تعلقات پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US