وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری سے مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں علما کے وفد نے اہم ملاقات کی، جس میں ملک میں قیامِ امن، قومی استحکام اور درپیش مسائل کے حل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر علما کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔
ملاقات کے دوران وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں مفتی منیب الرحمن اور دیگر علمائے کرام بھی شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی مسائل کے قابلِ عمل حل کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ مفتی منیب الرحمن سب کے لیے قابلِ احترام ہیں اور ہمیشہ اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم سب ایک ہیں اور پاکستان سب سے پہلے ہے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے علما کی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ ملاقات کے اختتام پر مفتی منیب الرحمن نے ملک کی سالمیت، ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔
وفد میں علامہ لیاقت حسین اظہری، مفتی عابد مبارک المدنی اور ملک محمد ابراہیم شامل تھے، جبکہ وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔