آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت کراچی میں ٹریفک انتظامات اور فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم کی مجموعی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔
سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز سندھ پولیس ہائی ویز پیٹرولنگ، سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی ڈویژن، ہیڈ کوارٹرز، ٹریفک کراچی، ٹی اینڈ ٹی، آئی ٹی، ڈی جی سیف سٹی اتھارٹی سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء کو ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں کیے جانے والے ٹریفک انتظامات اور ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائیٹیشن سسٹم (TRACS) کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عید کے بعد بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکلیں چلانے والوں اور TRACS سسٹم کے تحت بلیک لسٹ کی گئی 23 ہزار گاڑیوں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔
27 اکتوبر 2025 سے اب تک تقریباً 6 لاکھ ای ٹکٹس جاری کیے جاچکے ہیں۔ سسٹم کی بہتری، عوامی سہولت اور سروسز میں اضافہ کے لیے مختلف نوعیت کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کراچی میں ٹریفک حادثات میں اچانک اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایت دی کہ واقعات کی شفاف اور جامع تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے تحقیقات میں حادثات کی وجوہات اور ان کے انسداد سے متعلق مؤثر تجاویز بھی شامل کرنے کی ہدایت کی۔
آئی جی سندھ نے رمضان المبارک کے دوران ٹریفک پولیس کراچی کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہیوی وہیکلز ڈرائیورز اور موٹرسائیکل مالکان کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے جامع تجاویز بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔