پورٹ قاسم کی اسپورٹس پالیسی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ

image

وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت پورٹ قاسم کی اسپورٹس پالیسی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں بندرگاہ پر کھیلوں کے فروغ، کھلاڑیوں کی تربیت اور جدید سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے ہدایت کی کہ پورٹ قاسم کی اسپورٹس پالیسی کو موجودہ تقاضوں کے مطابق ازسرنو مرتب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی ترقی، تربیت اور معیاری کوچنگ کو ترجیح دی جائے جبکہ کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی ہونا چاہیے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پورٹ قاسم میں جدید ملٹی اسپورٹس کمپلیکس قائم کیا جائے گا، جہاں کھلاڑیوں کو مختلف کھیلوں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ٹیلنٹ ہنٹ کیمپ کے انعقاد کے ذریعے نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں تمام بندرگاہوں کے لیے یکساں اسپورٹس پالیسی تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی، جبکہ کھلاڑیوں کے لیے بہتر سہولیات اور مراعات کو پالیسی کا حصہ بنانے پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کے کھلاڑیوں پر مشتمل مشترکہ کرکٹ ٹیم تشکیل دینے کی تجویز بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں قومی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US