کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے پانی اور سیوریج کے نرخوں میں 7.05 فیصد اضافہ کردیا ہے، حکومتِ سندھ نے نظرثانی شدہ ٹیرف کی منظوری دیتے ہوئے باضابطہ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مالی سال 2026-27 کے لیے پانی اور سیوریج کے نرخوں میں اوسط کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کی بنیاد پر 7.05 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، نئے نرخوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے بورڈ نے مالی سال 2026-27 کے لیے ریٹیل اور بلک صارفین کے پانی اور سیوریج چارجز میں اضافے کی منظوری دی تھی، جسے سندھ حکومت نے باضابطہ طور پر گزٹ کا حصہ بنا دیا ہے۔
نظرثانی شدہ ٹیرف کے تحت رہائشی پلاٹس کے لیے پانی اور سیوریج کے ماہانہ چارجز پلاٹ کے رقبے کے حساب سے مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ مختلف کاروباری مراکز اور دکانوں کے لیے بھی فکسڈ ماہانہ پانی اور سیوریج چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق نئے ٹیرف کا مقصد ادارے کے ریونیو بیس کو مضبوط بنانا اور کراچی میں پانی کی فراہمی، سیوریج نظام کی دیکھ بھال، مرمت و بحالی سمیت دیگر شہری خدمات کی پائیدار فراہمی کے لیے مالی وسائل بہتر بنانا ہے۔
واضح رہے کہ واٹر بورڈ ایکٹ کے تحت واٹر کارپوریشن کو ہر سال نرخوں میں 7 فیصد تک اضافہ کرنے کی اجازت حاصل ہے، جس کے تحت تقریباً ہر سال ٹیرف میں اضافہ کیا جاتا ہے۔