محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کرتے ہوئے اسلام آباد، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی بعض مقامات پر بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج بیشتر وقت موسم جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ شام کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ شہر میں درجہ حرارت معمول سے تقریباً 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوائیں تقریباً 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب کراچی میں موسم ابر آلود اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رات کے اوقات میں بعض مقامات پر بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 28.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ جنوب مغرب سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
ادھر خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج سے 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بارشوں کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔