ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے جاری پہیہ جام ہڑتال چھٹے روز میں داخل ہوگئی۔ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان آج کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) میں مذاکرات ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائندے وفاقی وزیر بحری امور اور وزیر ٹرانسپورٹ سندھ سے ملاقات کریں گے۔ چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر کراچی اور ڈی آئی جی کراچی بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
ٹرانسپورٹر رہنما ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز مطالبات کی منظوری تک غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف حکومتی یقین دہانیوں پر ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق مطالبات منظور ہونے کے ساتھ ان پر عملدرآمد کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرنا بھی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاتا، ملک گیر ہڑتال جاری رہے گی۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ مطالبات کے حل کے لیے حکومت کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کی جائے گی، تاہم حتمی فیصلہ عملی اقدامات اور باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔