آپریشن غضب للحق دہشتگردوں کے خلاف ہے، افغانستان کے الزامات پر خواجہ آصف کا سخت ردعمل

image

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے افغان طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے واضح موقف اختیار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ معصوم بچوں اور عبادت گاہوں میں نمازیوں کو نشانہ بنانے والے عناصر اس حد تک جا سکتے ہیں کہ اسپتالوں میں مریضوں کو نقصان پہنچا کر اس کا الزام پاکستان پر ڈالیں تاکہ عالمی ہمدردی حاصل کی جا سکے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے روابط افغانستان سے جڑے ہوئے ہیں اور حالیہ کارروائیاں انہی دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور سہولیات کے خلاف کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کا مؤقف دوٹوک ہے کہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔

خواجہ آصف نے اسپتال پر حملے کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا وہاں اسلحہ موجود تھا جس کے باعث دھماکے ہوئے، جو کارروائی کی درستگی کا ثبوت ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ آپریشن غضب للحق کے اہداف صرف دہشتگردوں کی صلاحیت کو ختم کرنا ہیں اور اس کا مقصد عام شہریوں یا شہری مقامات کو نقصان پہنچانا ہرگز نہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US