شیخ رشید احمد کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے وفاقی حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کو دی گئی بیرونِ ملک سفر کی اجازت کالعدم قرار دے دی۔
عدالتِ عالیہ کے ڈویژن بینچ، جسٹس جواد حسن اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل بینچ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے شیخ رشید کی عمرہ پر جانے کی درخواست مزید کارروائی کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت کو بھجوا دی، اور ہدایت کی کہ متعلقہ عدالت تمام فریقین کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں سنگل بینچ کا وہ سابقہ حکم بھی کالعدم قرار دے دیا جس کے تحت شیخ رشید احمد کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت دی گئی تھی۔