کراچی میں موسلا دھار بارش، مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق

image

کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے تباہی مچا دی مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، اولڈ سٹی ایریا، صدر، ملیر، گلشن معمار اور نارتھ کراچی سمیت کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث مختلف حادثات پیش آئے۔

پرانا گولیمار میں گھر کی دیوار رکشے پر گرنے سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہوگیا جبکہ اورنگی ٹاؤن میں اجتماع گاہ کے قریب دیوار گرنے سے 3 بچے زخمی ہوئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق نیو کراچی کے حسن بروہی گوٹھ میں گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ گلستان جوہر میں بھی کرنٹ لگنے سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔

پی آئی بی کالونی میں کوئٹہ ہوٹل کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ سرجانی سیکٹر 7 اے میں گھر کے اندر کرنٹ لگنے سے ایک بچی جاں بحق ہو گئی۔

دوسری جانب تیز بارش کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا۔ شارع فیصل پر نرسری سے بلوچ کالونی پل جانے والا ٹریک بند رہا جبکہ نارتھ ناظم آباد میں شیر شاہ سوری روڈ پر فلائی اوور کے اطراف پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہواؤں کی رفتار 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ بعض مقامات پر 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔

شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے بھی گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، جن میں آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، برنس روڈ، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، سرجانی ٹاؤن اور ملیر سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US