بھارت کی گیدڑ بھبکیوں پر پاکستانی وزیرِ دفاع کا دو ٹوک جواب

image

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کے حالیہ دھمکی آمیز بیانات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی تو اسے منہ توڑ اور عبرتناک جواب دیا جائے گا۔

اپنے بیان میں وزیرِ دفاع نے کہا کہ راجناتھ سنگھ کی جانب سے بار بار دہرایا جانے والا اشتعال انگیز بیانیہ دراصل بھارتی قیادت کی بوکھلاہٹ، مایوسی اور اندرونی بے چینی کا واضح ثبوت ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی دھمکی آمیز زبان کوئی نئی بات نہیں بلکہ یہ اس کی پرانی روش اور روایتی ہٹ دھرمی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کی جانب سے اس قسم کے بیانات کا مقصد خطے میں کشیدگی کو ہوا دینا اور عالمی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا ہے۔

وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سلامتی، خودمختاری اور دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور دشمن کی ہر جارحیت کا فیصلہ کن، بھرپور اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم، مسلح افواج اور ریاستی ادارے ملکی دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور اگر بھارت نے کوئی غلطی کی تو اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، مگر کمزوری ہرگز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پر کسی قسم کی آنچ برداشت نہیں کی جائے گی اور دشمن کو ہر محاذ پر سبق سکھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US