سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے اپنی تحقیقات مکمل کر لی ہیں اور حتمی رپورٹ 7 اپریل 2026 کو سیکرٹری قانون کے حوالے کی جائے گی۔
کمیشن کے رجسٹرار اقبال حسن کھٹی نے سیکرٹری قانون کو مراسلے میں بتایا کہ یہ انکوائری سندھ ٹربیونلز آف انکوائری آرڈیننس 1969ء کے سیکشن 3 کے تحت 10 فروری 2026 کو نوٹیفکیشن کے ذریعے قائم کی گئی تھی جس کا مقصد گل پلازہ شاپنگ سینٹر میں لگنے والی ہولناک آگ کے واقعے کی چھان بین کرنا تھا۔
کمیشن کو آٹھ ہفتوں کی مدت دی گئی تھی تاہم تحقیقات اس سے پہلے مکمل کر لی گئی ہیں۔ حتمی رپورٹ کے ساتھ چار اضافی جلدیں بھی شامل ہیں جن میں کمیشن کے سامنے پیش کیے گئے مکمل ریکارڈ اور شواہد موجود ہیں، جن کی بنیاد پر رپورٹ تیار کی گئی ہے۔
رپورٹ اور تمام ریکارڈ کو باقاعدہ سیل کر دیا گیا ہے اور اسے حکومت سندھ کے حوالے کیا جائے گا۔ کمیشن نے واضح کیا کہ رپورٹ کو عوام کے سامنے لانے یا نہ لانے کا اختیار حکومت سندھ کے پاس ہوگا اور اسی کے مطابق اجراء کا وقت بھی طے کیا جائے گا۔
رجسٹرار کمیشن نے سیکرٹری محکمہ قانون کو ہدایت کی ہے کہ وہ 7 اپریل 2026 کو دوپہر 12 بجے سندھ ہائیکورٹ میں قائم کمیشن سیکرٹریٹ میں رپورٹ وصول کرنے کے لیے موجود رہیں۔