حکومت سندھ نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان کے درمیان ٹیلفونک رابطہ ہوا جس میں پیٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ چلانا مشکل ہو گیا ہے اور سندھ و وفاقی حکومت سے ٹول ٹیکس سمیت دیگر صوبائی ٹیکسز میں ریلیف کی درخواست کی گئی ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سندھ ٹرانسپورٹ سیکٹر کے ساتھ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور مسائل کے حل کے لیے پوری کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ایک قومی سطح کا مسئلہ ہے جس کے اثرات ہر شعبے پر پڑتے ہیں، اور ٹرانسپورٹ سیکٹر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
ملک شہزاد نے مزید بتایا کہ آج سہ پہر 3 بجے کو کوآرڈینیشن کمیٹی کے مشاورتی اجلاس کے بعد حکومت سندھ ٹرانسپورٹرز کے لیے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ٹول ٹیکس اور دیگر صوبائی ٹیکسز میں ممکنہ ریلیف کے حوالے سے متعلقہ حکام سے مشاورت کی جائے گی اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا حل تلاش کیا جا رہا ہے۔