حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ریکارڈ اضافے کے ساتھ موٹر سائیکل مالکان کے لیے سبسڈی کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کا اعلان کرتے ہوئے موٹر سائیکل مالکان کے لیے ماہانہ 2 ہزار روپے پیٹرول سبسڈی دینے کا بھی اعلان کیا۔
ابتدائی مرحلے میں یہ رعایت صرف 70 سی سی موٹر سائیکلوں کے لیے ہوگی۔ ہر موٹر سائیکل اور رکشا کو ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی جس کے نتیجے میں ماہانہ مجموعی طور پر 2 ہزار روپے کی سبسڈی موصول ہوگی۔
تاہم 70 سی سی سے زائد کی موٹر سائیکلوں اور غیر رجسٹرڈ یا اپلائیڈ فار رجسٹریشن موٹر سائیکلوں پر یہ رعایت لاگو نہیں ہوگی۔
سبسڈی حاصل کرنے کے لیے حکومت نے موبائل ایپلیکیشن بھی تیار کرلی ہے جس کے ذریعے آئندہ ہفتے سے موٹر سائیکل اور رکشوں کو ماہانہ کوٹے پر سستا پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 138 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے فی لیٹر اضافہ کر کے نئی قیمتیں بالترتیب 458.40 روپے اور 520.35 روپے فی لیٹر مقرر کردی ہیں۔