وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا 9 اپریل کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسے کا اعلان

image

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 9 اپریل کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جلسے کی باقاعدہ اجازت کے لیے درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔

پی ٹی آئی راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری خان عاقل خان کی جانب سے دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف ایک پرامن اور ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے جو آئین اور قانون کی سربلندی کے لیے کام کر رہی ہے اس لیے راولپنڈی میں جلسہ کرنا اس کا آئینی حق ہے اور اجازت دی جائے۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اعلان کیا تھا کہ جلسے میں خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر سے کارکنوں کو راولپنڈی بلایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک روزہ جلسہ ہوگا تاہم اگر این او سی نہ دیا گیا تو جہاں روکا گیا وہیں احتجاجی جلسہ کیا جائے گا۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ پارٹی نے تمام جمہوری، آئینی اور قانونی راستے اختیار کیے مگر مسائل حل نہیں ہو رہے نہ کیسز سنے جا رہے ہیں اور نہ ہی بانی سے ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بھرپور احتجاج اور مزاحمت کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US