وزارت خارجہ نے خطے میں جاری کشیدگی اور پاکستان کی سفارتی کوششوں سے متعلق میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے جاری بیان میں کہا کہ مختلف میڈیا رپورٹس میں نام نہاد سرکاری ذرائع کے حوالے سے دعوے حقیقت پر مبنی نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی جانب سے امن اور مذاکرات کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بعض اطلاعات میں غلط انداز میں پیش کیا گیا جبکہ وزارت خارجہ میں جمعہ کو ہونے والی بریفنگ کو سیاق و سباق سے ہٹا کر رپورٹ کیا گیا۔
بیان میں زور دیا گیا کہ موجودہ حساس علاقائی صورتحال میں معلومات کو ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ عوام تک پہنچانا ضروری ہے اور قیاس آرائی سے گریز کرتے ہوئے صرف سرکاری بیانات اور ریڈ آؤٹس پر انحصار کرنا چاہیے۔