پاکستان کی ڈیجیٹل صلاحیت اور سفارتی حکمتِ عملی کے اثرات اب بھارتی میڈیا میں بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، جہاں پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں پر تفصیلی تبصرے سامنے آئے ہیں۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستانی قیادت کی تعریف نے دونوں ممالک کے تعلقات کے ذاتی اور سفارتی پہلو کو مزید اجاگر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق زیکری وٹکوف کے ساتھ روابط نے بھی واشنگٹن میں پاکستان کے اثر و رسوخ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس سے پاکستان کی سفارتی رسائی میں اضافہ دیکھا گیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس سفارتی پیش رفت کے پیچھے بلال بن ثاقب کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بلال بن ثاقب نے 2025 کے دوران عالمی کرپٹو دنیا کی نمایاں شخصیات سے قریبی روابط استوار کیے۔
ان شخصیات میں بائننس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ، معروف سرمایہ کار کیتھی ووڈ اور کاروباری شخصیت مائیکل سیلر شامل ہیں۔
دوسری جانب این ڈی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بلال بن ثاقب کی جانب سے ٹرمپ کے کرپٹو منصوبے ورلڈ لبرٹی فنانشل میں بطور مشیر شمولیت ایک اہم پیش رفت ثابت ہوئی، جس نے پاکستان کی نئی سفارتی حکمتِ عملی کو مزید تقویت دی۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان نے کرپٹو ڈپلومیسی کے ذریعے نہ صرف عالمی ڈیجیٹل حلقوں میں اپنی موجودگی مضبوط کی بلکہ وائٹ ہاؤس کے ساتھ اعتماد سازی کے عمل کو بھی فروغ دیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی یہ نئی سفارتی سمت روایتی سفارتکاری کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کے میدان میں بھی ملک کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔