اسلام آباد سیف سٹی کو ”کیپٹل اسمارٹ سٹی“ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد سیف سٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد سیف سٹی پراجیکٹ کے فیز ٹو پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیز ٹو پر جاری تمام کام 30 مئی تک مکمل کیا جائے گا، جبکہ وزیر داخلہ نے منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو اپگریڈ کیا جائے گا اور پولیسنگ، ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولیات کے نظام کو ایک دوسرے سے منسلک کیا جائے گا تاکہ دارالحکومت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹل اسمارٹ سٹی منصوبے کے تحت ٹریفک مینجمنٹ سے لے کر کرائم کنٹرول تک جدید نظام متعارف کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو محفوظ شہر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں سیف سٹی ہیڈکوارٹر کے نئے ڈیزائن کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے وزیر داخلہ کو سیف سٹی پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیز ٹو پر 75 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ شہریوں کے تحفظ کے لیے جدید کیمروں اور مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔

مزید بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت اب تک 152 کلومیٹر طویل فائبر آپٹکس کیبل بچھائی جا چکی ہے جبکہ 20 مئی تک کام مکمل کرکے ٹیسٹنگ کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈی جی سیف سٹی ہارون جوئیہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US