ملک کے 6 بڑے ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہونے کے باعث مختلف ایئر لائنز کی 52 دوطرفہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
متاثرہ ایئر لائنز میں پی آئی اے، ایئر بلیو، ایئر عربیہ، ایران ایئر، قطر ایئرویز اور دیگر شامل ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر کراچی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ رہا جہاں سے دبئی، مشہد، دمام، مدینہ، ریاض، بغداد، ابوظہبی، شارجہ، مسقط اور ملائیشیا کے لیے جانے والی 28 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
اس کے علاوہ باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور سے دبئی، دوحہ، شارجہ اور ابوظہبی کے لیے مقرر 10 پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ اسلام آباد، لاہور اور ملتان کے ایئرپورٹس سے بھی 4، 4 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 37 روز کے دوران پشاور سے خلیجی ممالک کے لیے مجموعی طور پر 2808 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
فضائی آپریشن میں اس بڑے خلل کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو شدید سفری مشکلات اور بے یقینی کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔