پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا پلان تیار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق، اشیائے ضروریہ پر ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف سبسڈی ماڈلز پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ مہنگائی کے دباؤ میں عوام کو کچھ سہولت دی جاسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب اس حوالے سے 3 بڑے آپشنز پر غور کر رہی ہے، جن کے تحت بنیادی ضروریات کی اشیا سستی کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ پر 10 فیصد سبسڈی دینے کی تجویز زیر غور ہے، تاکہ عام شہری کم قیمت پر روزمرہ استعمال کی اشیا خرید سکیں۔
علاوہ ازیں منڈیوں کے رجسٹرڈ کاروباری افراد کو سبسڈی فراہم کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے، جس کا مقصد سپلائی چین میں لاگت کم کر کے صارفین تک سستا سامان پہنچانا ہے۔
ذرائع کے مطابق، مجوزہ منصوبے کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کرنا اور عام آدمی کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔