فضائی ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے پیش نظر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی انتظامیہ نے مالی نقصانات کو کم کرنے کے لیے اہم اور سخت انتظامی فیصلے کیے ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں چوتھی بار اضافے کے بعد صورتحال کو سنبھالنے کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ایک جامع منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت پی آئی اے نے تمام تر ڈسکاؤنٹ ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، تاہم بچوں اور نوزائیدہ بچوں کے لیے رعایت بدستور برقرار رہے گی۔
اس منصوبے کے تحت پی آئی اے اپنے بیجنگ اور کوالالمپور آپریشنز کو بالترتیب 11 اور 14 اپریل سے معطل کر رہی ہے۔ اسی طرح خلیجی ممالک (متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے علاوہ) کے لیے پروازیں بھی اپریل کے آخر تک معطل کردی گئی ہیں۔
مزید برآں متحدہ عرب امارات کے لیے فضائی آپریشن کو محدود کرتے ہوئے ہفتہ وار 16 پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں کا سارا بوجھ مسافروں پر نہیں ڈالا جا سکتا، اس لیے یہ سخت انتظامی اقدامات ناگزیر تھے۔
ترجمان نے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی سطح پر ایندھن کی قیمتیں جلد معمول پر آ جائیں گی، جس کے بعد تمام متاثرہ روٹس کو دوبارہ بحال کردیا جائے گا۔